ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا حکومت نے نائٹ کرفیو کا اعلان واپس لے لیا

کرناٹکا حکومت نے نائٹ کرفیو کا اعلان واپس لے لیا

Thu, 24 Dec 2020 19:51:49    S.O. News Service

بنگلورو 24؍دسمبر (ایس او نیوز) کرناٹکا کی ریاستی حکومت نے  کورونا وبأ کی نئی لہر پر قابو پانے کے لئے احتیاطی اقدام کے طور پرایک دن پہلے رات کے وقت کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا، جسے اب واپس لے لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ  کرناٹک کے  وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا نے کل بدھ کو اچانک اعلان کردیا تھا کہ بدھ 23دسمبر سے 2 جنوری تک پوری ریاست میں رات  دس بجے سے صبح ۶ بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ پھر شام ہوتے ہوتے اس حکم میں ترمیم کرتے ہوئے  چیف سیکریٹری ٹی ایم بھاسکر نے نئےاحکام جاری کردئے کہ 23کے بجائے 24دسمبر یعنی آج جمعرات سے رات میں 11بجے سے صبح 5بجے تک کرفیو لاگو ہوگا۔

 ریاستی حکومت کے  اس اعلان پر کاروباری حضرات کے علاوہ کرسمس اور نئے سال کا جشن منانےوالوں میں بے چینی پیدا ہوگئی تھی اور وہ حکومت کی طرف سے صرف رات کےوقت کرفیو نافذ کرنے کی منطق پر سوال اٹھانے لگے تھے۔ حالانکہ عیسائی برادری کو رات گیارہ بجے سے قبل کی کرسمس کا دعائیہ اجلاس (ماس) مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اور کووڈ پروٹوکول کے تحت جاری ہدایات کی پابندی کرتے ہوئے نئے سال کی تقریبات منانے کی بھی چھوٹ دی گئی تھی ، لیکن عوام کے علاوہ سیاسی حلقوں میں اس طرح کی پابندیوں اور کرفیو پر بے اطمینانی کا اظہار کیا جارہا تھا۔

 اب پھر اچانک وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا نے   عوامی رائے اور ردعمل کا حوالہ دیتے ہوئے سختی کے ساتھ رات کاکرفیو نافذ کرنے کا سرکاری حکم واپس لینے کا اعلان کردیا ہے۔


Share: